مئی میں بیت اللحم و یروشلم کا دورہ : پوپ

وٹیکن سٹی 5 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) پوپ فرانسیس نے آج کہا کہ وہ ارض مقدس کے اپنے پہلے دورہ پر 24 تا 26 مئی روانہ ہونگے ۔ وہ عمان ‘ بیت اللحم اور یروشلم کا دورہ کرینگے ۔ پوپ فرانسیس نے سینٹ پیٹرس اسکوائر پر ایک ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کرسمس کی خوشیوں کے اس موقع پر اعلان کرتے ہیں کہ وہ 24 تا 26 مئی ارض مقدس کے دورہ کا منصوبہے رکھتے ہیں۔ فرانسیس نے کہا کہ وہ آج کی تاریخ پر اس لئے اس دورہ کا اعلان کر رہے ہیں کیونکہ پچاس سال قبل اسی دن پوپ پال چھ اور حکمران ایتھنگوراس کی ملاقات ہوئی تھی ۔ فرانسیس کو اسارئیل کے صدر شمعون پیریز اور فلسطین کے صدر محمود عباس نے اس دورہ پر مدعو کیا ہے ۔

77 سالہ پوپ فرانسیس نے مشرق وسطی میں قیام امن کیلئے کئی اپیلیں کی ہیں۔ انہوں نے محمود عباس کے ساتھ اپنی ملاقات کے موقع پر زور دیا تھا کہ اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے مابین تنازعہ کا کوئی منصفانہ اور دیرپا حل دریافت کیا جانا چاہئے ۔ اسرائیلی اخبارات میں بھی کہا جارہا ہے کہ پوپ فرانسیس بہت جلد بیت اللحم کا دورہ کرنے والے ہیں۔ اخبار کے بموجب وہ بیت اللحم میں ایک اجتماعی مذہبی پروگرام میں حصہ لیں گے ۔ اخبار مذکور کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکام اس بات سے خوش نہیں ہیں کہ یہ مذہبی اجتماع اسرائیل کے حدود میں نہیں بلکہ مغربی کنارہ میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پوپ فرانسیس نے تاہم آج ہجوم سے اپنے خطاب کے دوران یہ واضح نہیں کیا ہے کہ وہ کسی عوامی اجتماع میں شرکت کرنے والے ہیں۔ غیر مصدقہ ذرائع کی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ پوپ فرانسیس اردن میں شامی پناہ گزینوں کے ایک کیمپ کا بھی دورہ کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ اس سے قبل پوپ بنیڈکٹ نے 2009 میں اسرائیل و فلسطین کا دورہ کیا تھا۔