مئیر نے نصف شب کے بعد سڑکوں کی مرمت کا معائنہ کیا

حیدرآباد 21 اپریل ( این ایس ایس ) مئیر حیدرآباد ڈاکٹر بی رام موہن اور پرنسپل سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق اروند کمار نے کل نصف شب کے بعد جی ایچ ایم سی کی جانب سے شروع کئے گئے 700 کروڑ کے سڑکوں کی مرمت کے کاموں کا جائزہ لیا ۔ کہا گیا ہے کہ ان تعمیراتی اور مرمت کے کاموں کا جائزہ لینے کا مقصد یہ دیکھنا تھا کہ ان کاموں کی پیشرفت کیسی ہو رہی ہے تاکہ کاموں کو عوام کیلئے مزید سہولت بخش بنایا جاسکے ۔ مئیر اور سکریٹری بلدی نظم و نسق نے جوبلی ہلز روڈ نمبر 5 قریب نالندہ فلائی اوور ‘ ماجد بنڈہ اور دوسرے علاقوں کا دورہ کیا جہاں سڑکوں کی مرمت کے کام جاری ہیں۔ ان دونوں نے ذمہ داران کو ہدایت دی کہ ان کاموں کو موسم بارش سے قبل مکمل کرلیا جانا چاہئے اور بہتر معیار اور دیرپا بنانے کیلئے عصری ٹکنالوجی استعمال کی جانی چاہئے ۔