ل22.37 لاکھ ٹن دالوں کی درآمدات

نئی دہلی۔ 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں آج مختلف اہم موضوعات پر متعلقہ وزراء کی طرف سے اہم سوالات کے جواب دیئے گئے۔ پارلیمنٹ کو مطلع کیا گیا کہ رواں مالیاتی سال کے دوران ستمبر تک 1,612 ملین امریکی ڈالر مالیتی 22.37 لاکھ ٹن دالیں درآمد کی گئیں۔ اپریل اور ستمبر کے دوران سب سے زیادہ مقدار میں دالیں درآمد کی گئیں۔ کینیڈا سے 9.30 ٹن، مائنمار سے 5.52 لاکھ ٹن اور آسٹریلیا سے 2.23 لاکھ ٹن دالیں درآمد کی گئی ہیں۔ وزیر صنعت و تجارت نرملا سیتا رامن کی طرف سے لوک سبھا کو دیئے گئے تحریری جواب کے اعداد کے مطابق گزشتہ مالیاتی سال کے دوران 45.84 لاکھ ٹن دالیں درآمد کی گئی تھیں۔ سال 2014-15ء کے دوران دالوں کی دیسی پیداوار میں 20 لاکھ اضافہ ہوا۔ تور کی دال کی قیمت 210 روپئے فی کیلو تک پہونچ گئی تھی۔ ناکافی مانسون کے سبب دالوں کی پیداوار میں 14% کمی ہوئی ہے۔ سال 2014-15ء کے دوران ملک میں دالوں کی پیداوار 17.20 ملین ٹن تھی جو 25 ملین ٹن کی ضروریات سے بہت کم تھی۔ چنانچہ اس فرق کی درآمد کے ذریعہ پابجائی کی گئی۔ ہندوستان اکثر خانگی تجارت کے ذریعہ سالانہ 40 لاکھ ٹن دالیں درآمد کرتا ہے لیکن دو سال کے وقفہ کے بعد حکومت نے رواں سال سے دالوں کی درآمدات کا آغاز کیا ہے۔