ل17 لاکھ ووٹ کے فرق سے کانگریس کو 41 نشستوں کا نقصان

ٹی آر ایس کو 66 لاکھ سے زائد ووٹ، کانگریس اور تلگودیشم بی جے پی اتحاد کے درمیان معمولی فرق

محمد نعیم وجاہت
علاقہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی صرف 17 لاکھ ووٹ کے فرق سے 41 اسمبلی حلقوں سے محروم ہونے پر ٹی آر ایس کو حکومت تشکیل دینے کیلئے واضح اکثرت حاصل ہوگئی ۔ علاقہ تلنگانہ میں 1.95 کروڑ رائے دہندوں نے حق رائے دہی سے استفادہ کیا جس میں سب سے زیادہ 66 لاکھ سے زائد ووٹ ٹی آر ایس کے کھاتے میں آئے اور ٹی آر ایس کو 11 لوک سبھا اور 63 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ 49لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کرتے ہوئے کانگریس دوسرے نمبر پر رہی ۔ 2 لوک سبھا اور 22 اسمبلی حلقوں پر کانگریس کو کامیابی حاصل ہوئی کانگریس اور ٹی آر ایس کے درمیان صرف 17 لاکھ ووٹوں کا فرق ہے ۔ مگر یہی 17 لاکھ ووٹوں نے کانگریس کو 9 لوک سبھا اور 41 اسمبلی حلقوں سے پچھاڑتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے والی کانگریس کو مایوس کرتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست کیلئے جدوجہد کرنے والی ٹی آر ایس کو اقتدار کے زینے تک پہونچادیا ۔ تلگودیشم پارٹی کو 28 لاکھ ووٹ حاصل ہوئے اور اس کو ایک لوک سبھا اور 15 اسمبلی حلقوں پر کامیابی نصیب ہوئی جبکہ بی جے پی 14 لاکھ ووٹ حاصل کرتے ہوئے ایک لوک سبھا اور 5 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کی ۔ تلگودیشم بی جے پی اتحاد کو 42لاکھ ووٹ حاصل ہوئے اور 2 لوک سبھا اور 20 اسمبلی حلقوں پر دونوں جماعتوں کے امیدواروں کو کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ ساڑے 6 لاکھ ووٹ حاصل کرنے کے باوجود وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے ایک لوک سبھا اور 3 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ مجلس 6 لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کرتے ہوئے ایک لوک سبھا اور 7 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ صرف 17 لاکھ رائے دہندوں نے جہاں ٹی آر ایس کی قسمت سنواری دی وہیں کانگریس کی قسمت اجاڑ دی ہے ۔ کانگریس اور تلگودیشم بی جے پی اتحاد میں صرف 7 لاکھ ووٹ کا فرق ہے باوجود اس کے جہاں کانگرس کے دو ارکان پارلیمنٹ منتخب ہوئے ہیں وہی تلگودیشم بی جے پی اتحاد کو بھی دو لوک سبھا حلقوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے اسمبلی حلقوں کے معاملے میں کانگریس اور تلگودیشم بی جے پی اتحاد میں کوئی زیادہ فرق نہیں ہے ۔ کانگریس کو تلگودیشم، بی جے پی اتحاد سے 7 لاکھ ووٹ حاصل کرنے کے بعد اس کو تلگودیشم بی جے پی اتحاد سے صرف 2 اسمبلی حلقوں پر زائد کامیابی حاصل ہوئی ہے یعنی کانگریس کے 22 ارکان اسمبلی منتخب ہوئے تو تلگودیشم بی جے پی اتحاد کو 20 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل ہوئی۔