اردو ، تلگو اور ہندی پنڈت ٹریننگ کیلئے درخواستوں کی وصولی کا آغاز
حیدرآباد 11 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : محکمہ اسکولی تعلیم نے تعلیمی سال 2014-15 کے دوران ریاست میں گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹس آف اڈوانسڈ اسٹیڈیز ان ایجوکیشن ( آئی اے ایس ای) ، گورنمنٹ کالجس آف ٹیچرس ایجوکیشن ( سی ٹی ای ) اور پرائیوٹ لینگویج پنڈت ٹریننگ کالجس میں ایک سالہ لینگویج پنڈت کورس جیسے اردو پنڈت ، تلگو پنڈت اور ہندی پنڈت میں داخلہ کے لیے امیدواروں کے انتخاب کے لیے لینگویج پنڈت ٹریننگ کامن انٹرنس ٹسٹ ( ایل پی سیٹ 2014 ) کا اعلان کردیا ہے ۔ درخواستیں بذریعہ آن لائن ویب سائٹ lpcet.cgg.gov.in پر داخل کرسکتے ہیں ۔ ادخال درخواستوں کا آغاز 9 مئی سے ہوگا جس کی آخری تاریخ 24 مئی مقرر کی گئی ہے ۔ اس سلسلہ میں مزید تفصیلات کے لیے ویب سائٹ ملاحظہ کریں ۔ یاد رہے کہ اردو پنڈت کورس میں داخلہ کے لیے ایسے امیدوار جنہوں نے ڈگری میں ایک مضمون اردو بحیثیت اختیاری پڑھا ہو یا پھر بی اے ایل کیا ہو وہ درخواستیں دینے کے اہل ہیں ۔ اردو پنڈت کورس کی تکمیل کے بعد حکومت کی جانب سے سرٹیفیکٹ دیا جاتا ہے جس کے ذریعہ سے ڈی ایس سی میں بحیثیت لینگویج پنڈت تقرر بھی پا سکتے ہیں جو کہ ایک سالہ کورس ہے جس کی فیس بھی معمولی ہے ۔ ڈگری میں اردو اختیاری مضمون اور بی اے ایل والے امیدوار اس سے بھر پور استفادہ کرتے ہوئے ٹیچرس بن سکتے ہیں ۔کورس کی تکمیل کے بعد سرکاری اور خانگی اسکولس میں ملازمت حاصل کرسکتے ہیں۔ مزید تفصیلات کیلئے محمڈن انسٹیٹیوٹ جلو خانہ لاڈ بازار سے راست یا فون نمبر 9290201021 پر ربط کریں۔