ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن سے نمائندگی ، اساتذہ کی شکایتوں کا ازالہ کرنے پر زور
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : اساتذہ کے تبادلوں اور ترقی میں اردو کے ساتھ انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے لینگویج پنڈتوں نے اپنا احتجاج درج کروایا ۔ راشٹریہ اپادھیا پنڈت پریشد کے نمائندوں نے اس سلسلہ میں ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن کو یادداشت پیش کرتے ہوئے اردو کے ساتھ جاری نا انصافی کو دور کرنے کا مطالبہ کیا ۔ پریشد کے ریاستی صدر عبداللہ اور حیدرآباد ضلع کے صدر عبدالحمید نے ایک بیان میں بتایا کہ ٹیچروں کے تبادلوں میں تاحال وقت گذرنے کے بعد بھی کوئی موثر نتائج برآمد نہیں ہورہے ہیں ۔ 22 تا 27 جون تک امیدواروں کو درخواست داخل کرنے کا وقت دیا گیا تھا۔ تاہم متعلقہ ڈی ای اوز نے تاحال فہرست تیار نہیں کی جس کے سبب لینگویج پنڈتوں بالخصوص اردو پنڈت اساتذہ کو مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت تبادلوں کا حکم جاری کیا گیا جب کہ ماہ رمضان جاری ہے ۔ انہوں نے اردو لینگویج پنڈتوں کے ترقی کے مسئلہ پر جاری سوتیلے سلوک کو ترک کرنے کا مطالبہ کیا اور 1997 ڈی ایس سی کے تمام اردو پنڈتوں کو گریڈ ون کے تحت ترقی دیتے ہوئے تبادلوں میں ترقی کے عمل کو تیز کرنے کا مطالبہ کیا ۔۔