لینکو انفراٹیک میں 30 فیصد ملازمین کی کٹوتی

حیدرآباد ۔ 8 ۔ ستمبر : ( پی ٹی آئی ) : انفراسٹرکچر ، برقی اور رئیل اسٹیٹ شعبہ میں برسرکار لینکو انفراٹیک نے گذشتہ ایک سال کے دوران اپنے کچھ پراجکٹس کی پیشرفت میں تاخیر اور مارکٹ کے نامساعد حالات کو دیکھتے ہوئے اپنے ملازمین کی تعداد میں 30 فیصد کی کٹوتی کی ہے ۔ ایک سال قبل اس کے جملہ ملازمین کی تعداد 5,700 تھی ۔ کمپنی کی تازہ ترین سالانہ رپورٹ کے مطابق مارچ 2013 تک اس کمپنی کے ملازمین کی تعداد 5,700 تھی جو اب گھٹاکر 4000 کردی گئی ہے ۔ رپورٹ کے بموجب مالیاتی سال 2012 کے اختتام پر کمپنی کے ملازمین کی تعداد 8000 تک تھی ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال 2013-14 کے دوران ملازمین کے مفادات اور ادائیگیوں میں جملہ 38 فیصد کی کمی آئی ہے ۔ لینکو نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ کمپنی کے کچھ پراجکٹس کی تکمیل میں سست رفتاری رہی اور مارکٹ کے حالات بھی درست نہیں ہیں اس کو دیکھتے ہوئے چونکہ ملازمین کی تخفیف کی گئی اس لیے ان پر اخراجات میں 38 فیصد تک کمی آئی ہے ۔ سالانہ رپورٹ کے اعداد و شمار کے بموجب کمپنی نے مالیاتی سال 2013 میں ملازمین کی تنخواہوں ، الاونسیس اور دیگر امور پر جملہ 459 کروڑ روپئے خرچ کئے تھے ۔ تاہم مالیاتی سال 2014 میں یہ اخراجات 353 کروڑ کے رہ گئے ۔ سال 2013-14 میں کمپنی نے اپنا جملہ مالیہ 10,597.85 کروڑ روپئے ظاہر کیا ہے جب کہ سال گذشتہ اس کا مالیہ 13,887.66 کروڑ روپئے تھا ۔ کمپنی نے اس میعاد کے دوران اپنا جملہ خسارہ 2,273.88 کروڑ روپئے ظاہر کیا تھا ۔