جے پور ۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) لینڈنگ کرتے وقت ایک طیارہ ٹائر پھٹ جانے سے سنگانیر ایرپورٹ پر کچھ وقفہ کے لئے پروازوں کی آمد و رفت روک دی گئی۔ ٹائر پھٹنے سے البتہ کسی بھی مسافر کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ایرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ ایرانڈیا کی گوہاٹی سے دہلی جانے والی فلائیٹ میں 173 مسافرین سوار تھے لیکن دہلی ایرپورٹ پر ناقص حد بصارت کی وجہ سے طیارہ کا رخ جے پور ایرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا تھا، لیکن جیسا کہ کہا جاتا ہیکہ ہونی کو ٹالنا ناممکن ہے،
لینڈنگ کے وقت طیارہ کا ٹائر پھٹ گیا جس کے بعد 15 پروازوں کا جن میں تین بین الاقوامی پروازیں بھی شامل ہیں، کا نظام الاوقات متاثر ہوگیا کیونکہ گذشتہ رات سے رن وے مسدود ہے۔ آج دوپہر تک رن وے کی بحالی کی توقعات ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ہنگامی خدمات طلب کی گئی ہیں اور رن وے کی بحالی کیلئے کام کی رفتار کو تیز تر کردیا گیا ہے۔