حیدرآباد ۔ 24 ۔ ستمبر : ( این ایس ایس ) : قائدین لیفٹ پارٹیز اور سیول لبرٹیز کمیٹی نے منگل کو سی پی آئی کے دفتر مخدوم بھون میں ملاقات کی اور 30 ستمبر کو ’ چلو اسمبلی ‘ پروگرام کے انعقاد کا فیصلہ کیا جو ضلع ورنگل کے تاڑوائی منڈل کے تحت میدارام کے قریب ماؤنوازوں کے حالیہ مبینہ انکاونٹر کے خلاف احتجاج درج کروانے کے سلسلے میں ہوگا ۔ تلنگانہ اسٹیٹ سی پی آئی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی ، اسٹیٹ سی پی آئی ایم سکریٹری تمینینی ویرا بھدرم ، تلنگانہ یونائٹیڈ فرنٹ پریسیڈنٹ ویملااکا ، سی ایل سی قائد پروفیسر ہرا گوپال ، تلنگانہ ویدیکا پریسیڈنٹ چرو کو سدھاکر اور دیگر اجلاس میں موجود تھے ۔ اجلاس سے مخاطبت میں تمام لیفٹ پارٹی قائدین نے متفقہ طور پر محسوس کیا کہ مبینہ انکاونٹر حکومت کی جانب سے منظم طور پر کیا گیا اور سب نے اس کی مذمت کی ۔ انہوں نے ٹی آر ایس چیف کے سی آر کو یاد دلایا کہ انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ ماؤنوازوں کے ایجنڈے کو اپنائیں گے ۔ اس طرح جھوٹے انکاونٹر سے ان کی قلعی کھل گئی جو حالیہ طور پر ضلع ورنگل میں کیا گیا ۔ لیفٹ پارٹی قائدین نے جمہوریت پسندوں سے کہا کہ 30 ستمبر کو چلو اسمبلی پروگرام میں شرکت کر کے اس کو کامیاب بنائیں ۔۔