لیفٹ قائدین کی جلسہ میں شرکت ہوگی: وائیکو

چینائی ، یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سرکردہ بائیں بازو قائدین سیتارام یچوری اور ایس سدھاکر ریڈی اس جلسہ عام میں حصہ لیں گے جو چار جماعتی ’عوامی بہبودی محاذ‘ (پی ڈبلیو ایف) کی جانب سے مدورائی میں 26 جنوری کو منعقد شدنی ہے، ایم ڈی ایم کے لیڈر وائیکو نے آج سال نو کی اپنی روایتی پریس کانفرنس میں یہ بات کہی۔ وائیکو نے جو اِس بلاک کے کوارڈنیٹر ہیں، کہا کہ مجوزہ ریالی میں پی ڈبلیو ایف کے مشترک اقل ترین پروگرام کی وضاحت کی جائے گی۔
’کِس اسٹریٹ‘ کا تماشہ ، ہنومان سینا الجھ گئی
کوزی کوڈے، یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہنومان سینا کے کارکنوں اور ایک کلچرل آرگنائزیشن کے ممبرز میں آج یہاں اُس وقت جھڑپ ہوئی جب آخر الذکر یہاں اپنے ’Kiss Street‘ کے عنوان سے بداخلاقی کا تماشہ کرنے جمع ہوئے۔ پولیس کو متحارب گروپوں کو منتشر کرنے لاٹھی چارج کرنا پڑا اور کلچرل آرگنائزیشن کے والنٹیرز کو تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی مختلف دفعات کے تحت ماخوذ کیا گیا ہے۔ اس تنظیم کے مرد و خاتون ارکان نے شادی کے بغیر جینے کا اعلان کیا تھا۔