نئی دہلی 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج لیفٹننٹ گورنر انیل بائیجل کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے تعجب ظاہر کیاکہ کس طرح وہ حکومت دہلی اور مرکز کے درمیان اقتدار کی کشمکش کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول کرنے پر من چاہا طریقہ اختیار کرسکتے ہیں۔ کجریوال نے اپنے مکتوب میں ایل جی سے اپیل کی کہ فاضل عدالت کے حکمنامے کو من و عن عمل میں لائے اور ادعا کیاکہ وزارت اُمور داخلہ کو اِس آرڈر کا مطلب سمجھانے کے اختیارات نہیں ہیں۔ اُنھوں نے ایل جی سے یہ اپیل بھی کی کہ آرڈر سے متعلق توضیح کے لئے فوری سپریم کورٹ سے رجوع ہوں اور اگر کوئی اُلجھن ہو تو اُسے دور کرلیں اور ساتھ ہی یہ بھی کہاکہ براہ مہربانی فاضل عدالت کے حکمنامے کی خلاف ورزی مت کیجئے۔ آپ کس طرح اِس فیصلے کی قبولیت میں مخصوص انداز اختیار کرسکتے ہیں؟ یا تو آپ کو ایسا موقف اختیار کرنا چاہئے کہ اب سے تمام اُمور ریگولر بنچ کے روبرو پیش کئے جائیں گے اور اِس لئے آپ اِس آرڈر کے کسی حصے پر عمل درآمد نہیں کرائیں گے۔ یا پھر آپ کو پورا حکم نامہ من و عن قبول کرتے ہوئے اُس پر عمل آوری کرانا چاہئے۔