نئی دہلی ۔ 28 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام) : دہلی کے لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ نے آج ایسے وقت مرکزی معتمد داخلہ ایل سی گوئیل سے ملاقات کی ہے جب کہ عام آدمی پارٹی حکومت اوران کے درمیان اختیارات کی رسہ کشی جاری ہے ۔ دہلی اسمبلی نے کل ہی ایک قرار داد منظور کرتے ہوئے وزارت داخلہ کے اعلامیہ کو مسترد کردیا تھا ۔جس میں مختلف معاملت بشمول سینئیر عہدیداروں کے تبادلوں اور تقررات کے اختیارات لیفٹننٹ گورنر کو تفویض کئے گئے تھے ۔ مرکزی وزارت داخلہ بھی دہلی ہائی کورٹ کی رولنگ کو چیلنج کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع ہوگئی ۔ رولنگ میں کہا گیا ہے کہ 21 مئی کو جاری کردہ نوٹیفیکیشن مشتبہ ہے اور لیفٹننٹ گورنر کو چاہئے کہ عوامی فیصلہ کا احترام کریں ۔ معتمد داخلہ سے ملاقات کے بعد لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ نے میڈیا کو تفصیلات بتانے سے انکار کردیا ۔ تاہم باوثوق ذرائع نے بتایا کہ اس ملاقات میں دہلی اسمبلی میں منظورہ قرار داد عدالت العالیہ میں خصوصی توجہ دہانی مرافعہ سے متعلق حکومت کے موقف پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ واضح رہے کہ ایک سینئیر آئی اے ایس آفیسر شکنتلا گملین کو بحیثیت کارگذار سکریٹری تقرر پر نجیب جنگ اور کجریوال حکومت کے درمیان تنازعہ پیدا ہوگیا ۔ چیف منسٹر نے کل لیفٹننٹ گورنر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ مرکز کی کٹھ پتلی بن گئے ہیں اور عام آدمی پارٹی حکومت کے لیے رکاوٹیں کھڑا کررہے ہیں ۔۔