لیفٹننٹ گورنر بائیجل کے نام فرضی ٹوئٹر اکائونٹس کی تحقیقات

نئی دہلی۔2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی لیفٹننٹ گورنر کے دفتر نے پولیس سے جعلی ٹوئٹر اکائونٹر کے بارے میں تفصیلات اکٹھا کرنے کی ہدایت دی ہے جو انیل بائیجل کے نام سے کھولے گئے اور ان پر گمراہ کن پوسٹ ڈالے گئے ہیں۔ اس طرح کے دو ٹوئٹر اکائونٹس ہیں جن میں چیف منسٹر اروند کجریوال اور منتخبہ حکومت کو تنقیدوں کا نشانہ بنایا گیا۔ سابق معتمد داخلہ کو 28 نومبر کو دہلی کا لیفٹننٹ گورنر مقرر کیا گیا۔ انہوں نے کل اپنا سرکاری ٹوئٹر اکائونٹ شروع کیا اور اس وقت دو ہزار سے زائد افراد اس گروپ میں شامل ہوئے ہیں۔ لیفٹننٹ گورنر کے دفتر نے دہلی پولیس کو سارے معاملے کی جانچ کرتے ہوئے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی شروع کرنے کی ہدایت دی جو اس طرح کا جعلی اکائونٹ چلا رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ان میں ایک پوسٹ نجیب جنگ کی جانب سے مقرر کردہ شنگلو کمیٹی کے تعلق سے بھی ہے۔ انہوں نے عاپ حکومت کے فیصلوں کا جائزہ لینے کے لئے یہ کمیٹی تشکیل دی تھی۔ ذرائع کے مطابق ان پوسٹس کے ذریعہ یہ اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ جو بھی اسے چلا رہا ہے، وہ حکومت اور لیفٹننٹ گورنر کے مابین جاری رسہ کشی سے بخوبی واقف ہے۔ کیوں کہ ایک اور پوسٹ میں کجریوال کو نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کسی بات پر اختلاف رائے ہونے کے باوجود اس طرح کی زبان استعمال نہیں کی جانی چاہئے۔