لیبیا کے طیرانگاہ پر حملہ ، 14 طیارے تباہ

طرابلس ۔ /22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں دو مسلح گروپوں کے درمیان تصادم کے دوران طرابلس کے ہوائی اڈے پر گولہ باری سے کم سے کم 14 سول ہوائی جہاز تباہ ہوگیا ۔ متاثرہ طیاروں کی قیمت 2 ارب ڈالر بتائی جاتی ہے ۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مسلح عناصر کی طرف سے طرابلس کے معتیقہ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر گولے اور راکٹ داغے گئے ۔ جس کے نتیجے میں وہاں پر کھڑے ایک درجن سے زائد ہوائی جہازوں میں آگ بھڑک اٹھی ۔ لیبیا کی سرکاری فضائی کمپنی کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی کو معتیقہ ہوائی اڈے پر کھڑے طیاروں کے تباہ ہونے سے غیر معمولی نقصان پہنچا ہے ۔ اس حملے میں بعض طیارے مکمل طور پر تباہ ہوئے جب کہ بعض کو نقصان پہنچا ہے ۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈے کو دو مسلح گروپوں کے درمیان لڑائی کے دوران نشانہ بنایا گیا ۔