لیبیا میں کارخودکش بم حملہ ، آٹھ ہلاک

بن غازی ۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا کے مشرقی علاقہ میں آج ایک خودکش کار بم حملہ میں کم و بیش آٹھ افراد بشمول عام شہری ہلاک ہوگئے۔ اندرون ایک ماہ اپنی نوعیت کا یہ دوسرا واقعہ تھا۔ مقامی سیکوریٹی اور ہاسپٹل ذرائع نے یہ بات بتائی جبکہ مقامی سیکوریٹی کے ایک اعلیٰ سطحی آفیسر فوزی المنصوری نے بتایا کہ لیبیا کے مردآہن تصور کئے جانے والے خلیفہ ہفتار کی وفادار فوج کے ذریعہ نگرانی والے ایک مقام پر ایک خودکش حملہ آور نے دھماکے سے اپنی کار اڑادی جو احدبییہ شہر کے قریب واقع ہے جس کا فاصلہ طرابلس سے 840 کیلو میٹر ہے۔ دھماکہ میں زخمی ہونے والوں کی تعداد آٹھ بتائی گئی ہے۔ آٹھ کے منجملہ پانچ افراد ہاسپٹل پہنچتے پہنچتے فوت ہوگئے جبکہ مزید تین افراد ہاسپٹل میں علاج کے دوران زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ مسٹر منصوری نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مہلوکین اور زخمی ہونے والوں میں عام شہری بھی شامل ہیں۔ ہفتار طرابلس میں اقوام متحدہ کی تائید والی حکومت کی مخالفت کرتے ہیں اور انہوں نے گذشتہ سال جولائی میں تین سال کی مسلسل مہم کے بعد مشرقی شہر بن غازی کی آزادی کا اعلان کیا تھا۔