حیدرآباد ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پانچہندوستانی ٹیچرز کو لیبیا میں اغوا کر لیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ان پانچ میں سے چارہندوستانی ٹیچرز کو سرت چیک پوسٹ کے قریب اغوا کیا گیا اور یہ چاروں ٹیچرز یونیورسٹی میں پڑھاتے تھے۔سرت کا علاقہ لیبیا کے سابق کے آمر معمر قذافی کا آبائی علاقہ ہے جو اب شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کا گڑھ بن گیا ہے۔اکتوبر 2011 میں معمر قذافی کی ہلاکت کے بعد سے لیبیا میں شورش بڑھ گئی ہے اور مختلف گروپ اختیار حاصل کرنے کیلئے برسرے پیکار ہیں۔اغوا ہونے والے ہندوستانی ٹیچرز کا تعلق جنوبی ریاست کرناٹک اور آندھرا پردیش سے ہے۔ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہندوستانی شہری طرابلس اور تیونس سے واپس ہندوستان آ رہے تھے کہ انھیں سرت شہر سے 50 کلومیٹر دور چیک پوسٹ پر روکا گیا۔‘ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ انھیں کس گروہ نے اغوا کیا ہے لیکن ترجمان کا کہنا ہے کہ ’مغویوں کو دوبارہ سرت شہر لایا گیا۔‘بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم ہندوستانی شہریوں کے خاندانوں سے مکمل رابطے میں ہیں اور چاروں ہندوستانیوں کی بحفاظت واپسی کو ممکن بنانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔‘رواں سال مئی میں سرت کے شہر پر شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کا قبضہ ہو گیا تھا۔اس سے قبل گذشتہ سال جولائی میں 65 ہندوستانی نرسیں لیبیا میں جاری لڑائی میں پھنس گئی تھیں اور اُن کی محفوظ واپسی اگست میں ممکن ہو سکی تھی۔جون 2014 میں تعمیراتی شعبے میں کام کرنے والا 40 ہندوستانی شہری عراق کے شہر موصل میں اغوا ہوئے تھے لیکن تاحال اُن کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔