لیبیا میں مغویہ چار ہندوستانی ٹیچرس کے منجملہ دو کی رہائی

داعش کے زیر کنٹرول علاقے سے اغواء ، وزیر خارجہ سشما سوراج کا بیان

نئی دہلی 31 جولائی ( پی ٹی آئی ) لیبیاء میں دولت اسلامیہ داعش کے ہاتھوں مبینہ طور پر اغواء کئے گئے چار ہندوستانی ٹیچرس کے منجملہ دو ٹیچرس کو رہا کردیا گیا ہے ۔ ان چار ہندوستانی ٹیچرس کو 29 جولائی کو تریپولی سے ہندوستان واپس ہونے کے دوران اغواء کرلیا گیا تھا ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ وہ انتہائی مسرت کے ساتھ یہ بتانا چاہتی ہے کہ مغویہ چار ہندوستانیوں کے منجملہ دو لکشمی کانت اور وجئے کمار کو رہا کردیا گیا ہے جبکہ مزید دو ٹیچرس کی رہائی کی کوششیں جاری ہیں ۔ وزارت امور خارجہ کے ترجمان وکاس سواروپ نے بتایا کہ دو ہندوستانیوں کو سرتے یونیورسٹی بحفاظت واپس لایا گیا ہے جبکہ دو ہندوستانی شہریوں کی رہائی کی کوشش جاری ہے ۔ انہوں نے تاہم بتایا کہ اس بات کا پتہ نہیں سکا ہے کہ کس طرح دو ٹیچرس کی رہائی عمل میں آئی ہے ۔ قبل ازیں آج صبح وزیر امور خارجہ سشما سوراج نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ مغویہ ہندوستانی شہریوں کی رہائی کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا تھا ۔ دو روز قبل 29 جولائی کو قریباً 11 بجے شب برائے تیروپلی تیونس ہندوستان واپس آنے والے ہندوستانی ٹیچرس کا سرتے سے پچاس کیلومیٹر دور ایک چیک پوائنٹ پر مبینہ طور پر اغواء کرلیا گیا تھا ۔ مغویہ ٹیچرس میں دو کا حیدرآباد ایک کا رائچور اور ایک کا بنگلور سے تعلق ہے ۔ تین ہندوستانی ٹیچرس سرتے یونیورسٹی میں اور ایک سرتے یونیورسٹی جوفرا برانچ میں برسر خدمت تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت امور خارجہ ان چار مغویہ ہندوستانی شہریوں کی رہائی کیلئے مسلسل کوشش کر رہی تھی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جس علاقے سے ہندوستانی ٹیچرس کا اغواء کرلیا گیا وہ داعش کے زیر کنٹرول ہے ۔ دریں اثناء حکومت آندھراپردیش میں وزیر خارجہ امور سشما سوراج سے اس بات کی خواہش کی ہے کہ مغویہ ہندوستانی شہریوں کی وطن واپسی کیلئے موثر اقدامات روبہ عمل لائے جائیں ۔ دہلی میں ریاستی حکومت کے خصوصی نمائندے کے راما موہن راؤ نے سشما سوراج کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ چار افراد بشمول دو پروفیسرس بالرام (سریکاکولم آندھراپردیش )گوپی کرشنا ( حیدرآباد تلنگانہ ) کا غواء کرلیا گیا ہے ۔ ان کی رہائی کیلئے تمام تر اقدامات روبہ عمل لائے جائیں ۔ واضح رہے کہ حکومت ہند نے لیبیا میں داعش کے زیر کنٹرول علاقوں سے ہندوستانیوں کو منتقل ہوجانے کا مشورہ سال گذشتہ جولائی میں دیا تھا ۔ اس سے قبل 39 ہندوستانی شہری عراق کے داعش زیر کنٹرول علاقہ سے لاپتہ ہوچکے ہیں ۔ ان کی رہائی کیلئے تاحال کچھ بھی ثمر آور نتائج برآمد نہیں ہوسکیں ہیں ۔