لیبیا میں معمر قذافی کے حامیوں کو اقتدار یقینی

جیل سے سیف الاسلام کی رہائی کے بعد سیاسی منظر نامہ تبدیل
طرابلس ۔ 3 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : لیبیا میں معمر قذافی کے حامیوں کے اقتدار پر دوبارہ آنے کے امکانات قوی ہوتے جارہے ہیں ۔ عدالت کے حکم پر سابق مرد آہن مقتول کرنل معمر قذافی کے بڑے فرزند سیف الاسلام قذافی کی رہائی کے بعد ملک کا سیاسی منظر نامہ ایک بار پھر بدلنے لگا ہے ۔ سیف الاسلام کی عدالتی حکم پر رہائی کے بعد معمر قذافی کے حامیوں میں امید کی نئی لہر پیدا ہوئی ہے ۔ ان حامیوں نے اقتدار پر دوبارہ آنے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے ۔ واضح رہے کہ لیبیا کی عدالت نے سیف الاسلام کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا ۔ ان کی رہائی سے متعلق عدالت کا فیصلہ ایک ایسے وقت سامنے آیا جب لیبیا ، بدترین انارکی اور سیاسی افراتفری کا شکار ہے ۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ سیف الاسلام ایک پختہ سیاسی کارکن اعتدال پسند رہنما اور کھویا ہوا اقتدار واپس لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ اگر انہیں دوبارہ آزادی کے ساتھ سیاسی سرگرمیوں کی اجازت دی جائے تو وہ بہت جلد عوام کے ایک بڑے طبقے کو اپنے ساتھ لینے میں کامیاب ہوں گے ۔