طرابلس ۔19 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) لیبیا کی سرکاری فوج کے بھگوڑے جرنیل خلیفہ حفتر کے ایک کمانڈر نے دعویٰ کیا ہے کہ پیر کو دارالحکومت طرابلس پر حفتر کی فضائیہ نے کارروائی کی تھی۔ اس کارروائی کا مقصد اسلامی عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانا تھا تاکہ کئی ہفتوں سے طرابلس میں جاری خوں ریزی پر قابو پایا جا سکے۔طرابلس کے مشرقی شہر مصراتہ میں لڑائی کرنے والے اور لیبیا کے مغربی حصے میں زنتون کے علاقے میں موجود عسکری ملیشیا سے متعلق جنگ کئی ہفتوں سے لیبیا کو تصادم کے ماحول میں ڈالے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ ان دونوں علاقوں کے عسکریت پسندوں نے معمر قذافی کا تختہ الٹنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ دونوں طرف کے جنگجو زمینی کارروائیوں کی صلاحیت رکھتے ہیں اور کسی حد تک توپ خانے کا استعمال کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔ ان جنگجوؤں میں سے کوئی گروہ بھی جنگی طیاروں کے استعمال کا اب تک سوچا بھی نہ تھا۔ حتی کہ لیبیا کی سرکاری فضائیہ بھی بری طرح مجروح ہو چکی ہے اور مکمل آپریشنل ہونے کیلئے اسے مرمت کے علاوہ تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔