لیبیا میں جنگجو جنگی جرائم کے مرتکب :ایمنسٹی

بن غازی۔30اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ مغربی لیبیا میں قبضے کی خاطر جاری لڑائی میں حکومت نواز اور باغی دونوں گروہ جنگی جرائم کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ گزشتہ روز جاری کردہ ایک رپورٹ میں اس عالمی ادارے نے کہا کہ فریقین نہ صرف قیدیوں کو تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں بلکہ ساتھ ہی عام شہریوں پر بھی مظالم ڈھا رہے ہیں۔ ملیشیا گروہ شہری ہلاکتوں کی پرواہ کئے بغیر رہائشی علاقوں اور اسپتالوں پر بھی بلا امتیاز گولہ باری سے گریز نہیں کر رہے ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ رواں ماہ ہی اقوام متحدہ نے حکومت نواز ملیشیا اور بن غازی میں اسلام پسندوں پر زور دیا تھا کہ وہ فائر بندی پر متفق ہو جائیں لیکن اس کے باوجود فریقین کے مابین جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے ۔