واشنگٹن ۔ 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی فوج نے لیبیا میں دولت اسلامیہ کے خلاف مزید فضائی کارروائی کرتے ہوئے متعدد جنگجوؤں کو ہلاک کردیا۔ یو ایس افریقہ کمان کے ایک بیان کے مطابق فضائی حملے بحیرہ روم کے شہر سرتے سے 160 کیلو میٹر جنوب مشرق میں کئے گئے۔ یاد رہیکہ جاریہ سال جنوری میں ڈونالڈ ٹرمپ کے برسراقتدار آنے کے بعد پنٹگان کے اعلان کے مطابق لیبیا میں یہ پہلا فضائی حملہ تھا۔ قبل ازیں سابق صدر بارک اوباما کی میعاد کے آخری دنوں میں یعنی جنوری کے اوائل میں فضائی حملے کئے گئے تھے جس کے ذریعہ دولت اسلامیہ کے چند کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا تھا جہاں وہ یوروپ میں اپنی تخریبی کارروائی کے منصوبہ بنارہے تھے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ 2011ء میں لیبیا کے ڈکٹیٹر معمر قذافی کی حکومت کے زوال اور بعدازاں ان کی ہلاکت نے وہاں افراتفری کا جو ماحول پیدا کیا تھا، اس صورتحال میں اب تک کوئی خاص تبدیلی واقع نہیں ہوئی ہے۔