لیبیا سے حیدرآبادی مغویہ افراد کی بحفاظت واپسی کے لیے نمائندگی

حکومت تلنگانہ سے بھی اقدامات ، ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ کی وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست (سیاست نیوز) ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ نے آج نئی دہلی میں وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات کی اور لیبیا میں اغواء کئے گئے 2 حیدرآبادیوں کی بحفاظت واپسی کے اقدامات کرنے کی اپیل کی۔ کے کویتا کی زیر قیادت ارکان پارلیمنٹ کے وفد نے سشما سوراج کو اس سلسلہ میں ایک یادداشت پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے دو افراد گزشتہ 6 دن سے دہشت گردوں کے قبضے میں ہیں۔ انہوں نے اغواء کردہ 4 میں سے 2 افراد کو رہا کردیا ہے ۔ مرکزی حکومت کو چاہئے کہ باقی 2 افراد کی بحفاظت واپسی کے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت بھی ان افراد کی رہائی کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور ان کے افراد خاندان سے حکومت کے عہدیدار ربط میں ہیں۔ رکن پارلیمنٹ ونود کمار نے بتایا کہ لیبیا میں اغواء کردہ دونوں حیدرآبادیوں کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے جس کے سبب ارکان خاندان تک تشویش میں مبتلا ہیں۔ مرکزی حکومت کو لیبیا میں واقع ہندوستانی سفارتخانہ کے ذریعہ بحفاظت رہائی کو یقینی بنانا چاہئے ۔ سشما سوراج نے ارکان پارلیمنٹ کو بتایا کہ مرکزی حکومت بھی رہائی کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور ان کی حفاظت کے بارے میں فکرمند ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہندوستان کی کوششوں کے سبب بہت جلد دونوں مغویہ افراد کی جلد رہائی عمل میں آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ اس مسئلہ پر لیبیا میں ہندوستانی مشن سے ربط میں ہے۔