لیبیامیں قیام امن کے لیے ایک مرتبہ پھر مذاکرات

طرابلس ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ نے اعلان کیا ہے کہ لیبیا کے متحارب دھڑوں کے مابین آئندہ ہفتے مذاکرات کے ایک نئے دور کا آغاز کیا جائے گا، جس کا مقصد شورش زدہ اس شمالی افریقی ملک میں متحدہ حکومت کا قیام اور جاری لڑائی کا خاتمہ بتایا گیا ہے۔ اقوام متحدہ نے لیبیا میں قیام امن کی کوششوں کے سلسلے میں لیبیاکے مختلف گروہوں کے مابین مذاکرات کے ایک نئے دور کی میزبانی کا منصوبہ بنایا ہے۔ عالمی ادارے کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ جنیوا میں ہونے والے اس مذاکراتی عمل کا مقصد لیبیا کے بحران کا خاتمہ اور وہاں ایک متحدہ حکومت تشکیل دینا ہے۔ مغربی ممالک کا کہنا ہے کہ لیبیا میں پائیدار امن کے لیے اقوام متحدہ کا منصوبہ ہی بہترین راستہ ہے۔ لیبیا میں دو متوازی حکومتیں کام کر رہی ہیں، جس کی وجہ سے وہاں سلامتی کا بحران شدید تر ہوتا جا رہا ہے۔ سلامتی کے اس انخلاء کا فائدہ نہ صرف انسانی اسمگلر اٹھا رہے ہیں بلکہ وہاں شدت پسند تنظیم داعش بھی جڑیں پکڑتی جا رہی ہے۔ لیبیا میں معمر قذافی کی ہلاکت کے بعد پیدا ہونے والا سیاسی بحران اب شدید تر ہو چکا ہے، جس کا فائدہ وہاں کے قبائلی سرداروں اور ان متعدد قذافی مخالف مسلح دھڑوں نے اٹھایا، جن کو مغربی طاقتوں کی پہلے حمایت حاصل رہی تھی۔