لیبیائی پارلیمنٹ پر خودکش بم بردار کا حملہ

بن غازی ۔ 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک خودکش بم بردار نے لیبیا کے پارلیمنٹ پر کار گھسا کر حملہ کردیا جس میں 3 ارکان پارلیمنٹ زخمی ہوئے۔ ایک لیجسلیٹر نے کہا کہ حملہ آور نے پارلیمنٹ کی عمارت کو نشانہ بناتے ہوئے کار گھسا دی۔ میڈیکل ذرائع نے بتایا کہ اس حملہ میں جملہ 18 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اسلام پسندوں کی زیرقیادت ایک گروپ نے مشرقی السدرا آئیل ٹریمنل پر حملے شروع کئے ہیں جس کے بعد یہ حملہ ہوا۔ پارلیمنٹ کے ترجمان نے بتایا کہ حملہ کے وقت گراونڈ فلور پر ارکان پارلیمنٹ کا اجلاس جاری تھا کہ اچانک دھماکہ ہوا۔ اس دھماکہ سے پارلیمنٹ کی عمارت کے چند گلاس پھوٹ گئے اور راہگیر زخمی ہوئے۔ ایک رکن پارلیمنٹ طارق جروسی نے بتایا کہ کارایک فوجی رنگ کی تھی۔ دھماکہ کے مقام پر انسانی اعضاء دستیاب ہوئے ہیںاور یہ اعضاء خودکش بم بردار کے ہیں۔ عمارت کے باہر ٹھہرے ہوئے 3 ارکان پارلیمنٹ زخمی ہوئے۔ معمر قذافی کی بیدخلی کے تقریباً 3 سال بعد یہ دھماکہ ہوا ہے۔ یہاں پر باغیوں اور سرکاری افواج کے درمیان ہتھیاروں کا اندھادھند استعمال ہورہا ہے۔