نئی دہلی۔ 20 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) لیبر اصلاحات میں داخلی مزاحمت کا سامنا کررہے وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہاکہ اتفاق رائے کے بعد ہی ان قوانین میں تبدیلیاں کی جائیں گی ۔ انھوں نے غیرضروری اور غیرموثر قوانین کو ختم کردینے کی ضرورت پر زور دیا ۔ وزیراعظم نے آج 46 ویں انڈین لیبر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محنت کش طبقہ کے مفادات اور اُن کی یونین کے درمیان انتہائی کم فاصلہ پایا جاتا ہے اور اس کا احترام کیا جانا چاہئے ۔ انھوں نے کہاکہ اتفاق رائے کے ذریعہ لیبر قوانین میں تبدیلی کی کوششیں جاری رہیں گی ۔ نریندر مودی نے کہاکہ اُن کی حکومت نے وزیر فینانس ارون جیٹلی کی زیرقیادت اعلیٰ سطحی بین وزارتی کمیٹی قائم کی ہے تاکہ لیبر اصلاحات پر اتفاق رائے ہوسکے ۔ اس کمیٹی کا پہلا اجلاس کل منعقد ہوا جس میں کوئی خاطر خواہ پیشرفت نہ ہوسکی تھی ۔ مختلف فکر کے حامل گروپس کا حوالہ دیتے ہوئے نریندر مودی نے کہاکہ صنعتی مفادات اور صنعتکاروں کے علاوہ حکومت ، لیبر اور لیبر تنظیموں کے درمیان ایک طرح کا فاصلہ پایا جاتا ہے جو بالکل حساس نوعیت کا ہے ۔