نئی دہلی۔ 16 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج متعدد لیبر اصلاحات کا اعلان کیا ہے جس سے تجارت کو شفاف بنانے اور ملازمین کے لئے وضع کردہ قوانین کو نرم بنانے میں مدد ملے گی۔ انہیں تبدیلی ٔ روزگار کے ساتھ سوشیل سکیورٹی فنڈس کو منتقل کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔ مرکزی لیبر قوانین سے مربوط 16 فارمس کی خانہ پُری کرنے کے بجائے اب آجرین کو آن لائن دستیاب واحد فارم کی خانہ پری کرنا ہوگا۔ وزارت لیبر کی نگرانی میں قائم کردہ ایک نئی ویب سائٹ میں تمام کمپنیوں کو آن لائن فارمس پُر کرنے کی اجازت ہوگی اور وہ اپنی شکایات بھی پیش کرسکتے ہیں۔ وزیراعظم مودی نے لیبر اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ا ب انسپکٹر راج ختم ہوگا ، آجرین کو اپنے کاروبار کی پرسکون انجام دہی میں سب سے بڑی رکاوٹ دور ہوگی۔ ان اصلاحات سے امتیازی سلوک ختم ہوجائے گا۔ دین دیال اپادھیائے سرمیئے جیتے کے نام سے معنون اصلاحات اسکیمات میں ایمپلائیز پراویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن کے لئے یونیورسل اکاؤنٹ نمبر بھی شامل کیا گیا ہے۔ 80 ملین ای پی ایف او کے ارکان ہیں۔ ان کے فنڈس کو منتقل کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں، اسی وجہ سے اس طرح کے اکاؤنٹس میں 270 بلین روپئے پھنسے ہوئے ہیں۔