ریاستوں کو معاوضہ کیلئے جی ایس ٹی کونسل کی سفارش پر اقدام
نئی دہلی ۔7 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اسپورٹس یوٹیلٹی وہیکلس ( ایس یو ویز ) ، اوسط ، بڑی اور لکژری کاریں جو یکم جولائی کو جی ایس ٹی کے نفاذ کے بعد سستی ہوگئی تھیں اب کسی قدر مہنگی ہوجائیں گی کیونکہ جی ایس ٹی کونسل نے ان پر عائد موجودہ ٹیکس 15 فیص کو بڑھاکر 25 فیصد کرنے کا فیصلہ کی ہے ۔ جی ایس ٹی کی نئی شرحوں کے مطابق کاروں پر سب سے زیادہ 28 فیصد ٹیکس شرح عائد ہوگی ۔ ان میں بھی سرفہرست جی ایس ٹی پر عمل آوری کے بعد ریاستوں کو ہونے والے خسارہ پر معاوضہ ایک کارپس کے قیام کے ضمن میں 1-15 فیصد ٹیکس عائد کیا گیا ہے ۔ وزارت فینانس نے اپنے بیان میں کہا کہ جی ایس ٹی کے نافذ کے بعد موٹر وہیکلس پر مجموعی ٹیکس (بشمول جی ایس ٹی معاوضہ ٹیکس ) سے قبل نافذ ٹیکس شرحوں سے کم ہے اور جی ایس ٹی کے نفاذ کے بعد موٹر وہیکلس ٹیکس کی شرح پہلے سے کم ہوئی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’جی ایس ٹی کونسل نے 5 اگسٹ کو منعقدہ اپنے 20 ویں اجلاس میں اس مسئلہ پر غور کیا اور موٹر وہیکلس پر موجودہ زیادہ سے زیادہ ٹیکس شرح 15 فیصد کو بڑھاکر 25 فیصد کرنے مرکزی حکومت سے قانون سازی کے ذریعہ ترمیم کرنے کی سفارش کی تھی ‘‘ ۔ معاوصہ ٹیکس میں اضافہ کے لئے جی ایس ٹی کی دفعہ 8 میں ترمیم درکار ہوتی ہے ۔ 8702 اور 8703 زمرہ میں شامل گاڑیوں میں اوسط حجم کے علاوہ بڑی ، لکژری ایس یو وی کے علاوہ وہ گاڑیاں شامل ہیں جس میں 10 سے زائد لیکن 13 سے کم افراد سفر کرسکتے ہیں۔