لگڑا پاٹی کا سروے بکواس، عوام کو بے بنیاد باتوں پر بھروسہ نہیں

16 مئی کو وائی ایس آر سی پی کو واضح اکثریت، جگن موہن چیف منسٹر بن جائیں گے: جی رام چندر راؤ
حیدرآباد /14 مئی (سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس نے لگڑا پاٹی راجگوپال کے سروے کو بکواس اور سٹہ بازی کے لئے جاری کردہ سروے قرار دیتے ہوئے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس حکومت تشکیل دینے کے لئے سیما۔ آندھرا میں واضح اکثریت حاصل کرے گی۔ پارٹی کے ترجمان جی رام چندر راؤ نے کہا کہ عوام وائی ایس آر سی پی کے حق میں ووٹ دے چکے ہیں، جس کا انکشاف 16 مئی کو ہو جائے گا اور جگن موہن ریڈی چیف منسٹر بن جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ لگڑا پاٹی ایک تاجر ہیں، جو ہمیشہ اپنے نفع کے بارے میں سوچتے ہیں۔ انھوں نے پہلے وائی ایس آر کانگریس کی لہر چلنے کا اعلان کیا تھا اور اب تلگودیشم کی کامیابی کا ادعا کر رہے ہیں، جب کہ عوام کو ان کے بیان پر بھروسہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چندرا بابو نائیڈو تجربہ کار سیاست داں ہیں، جس کی وجہ سے عوام نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ جی رام چندر راؤ نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کو اپنے خسر کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے اور 8 مرتبہ برقی شرحوں میں اضافہ

اور دس سال تک اپوزیشن میں رہنے کا تجربہ ہے۔ کیا عوام ان کے ان کارناموں کو بنیاد بناکر ووٹ دیں گے۔ انھوں نے ادعا کیا کہ انتخابی نتائج وائی ایس آر کانگریس کے حق میں ہوں گے، کیونکہ پارٹی کو سروے پر نہیں بلکہ عوام پر بھروسہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ بلدیاتی اور پریشد کے انتخابات مقامی مسائل اور افراد کے درمیان ہوئے ہیں، جب کہ عام انتخابات جگن موہن ریڈی اور چندرا بابو نائیڈو کے درمیان ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کا اثر مقامی اداروں اور بلدیات کے انتخابات میں دیکھنے کو ملا، کیونکہ عوام نے کانگریس کو یکسر نظرانداز کردیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تلگودیشم اور بی جے پی نے ریاست کی تقسیم کی تائید کی ہے، لہذا سیما۔ آندھرا کے عوام انتخابی نتائج میں دونوں جماعتوں کے خلاف اپنے غم و غصہ کا اظہار کریں گے۔