لگڑا پاٹی راجگوپال مخالفت کا رویہ ترک کریں، سدھاکر ریڈی کی اپیل

حیدرآباد۔/15جنوری، ( آئی این این ) کانگریس ایم ایل سی پی سدھاکر ریڈی نے وجئے واڑہ کے رکن پارلیمنٹ لگڑا پاٹی راجگوپال سے اپیل کی ہے کہ وہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوششیں ترک کردیں۔ انہوں نے احاطہ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کا جاری عمل دراصل 60سال سے زائد مسلسل جدوجہد اور 1100سے زاید افراد کی جان کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ لگڑا پاٹی راجگوپال کو ریاست کیلئے عوامی جذبات و احساسات کا احترام کرنا چاہیئے۔ انہیں آندھرا پردیش کی پُرامن تقسیم یقینی بنانے میں مدد کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہندی بولنے والے عوام کیلئے کئی ریاستیں ہوسکتی ہیں تو تلگو بولنے والے عوام کیلئے دو ریاستوں میں کیا قباحت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو ریاستوں سے تلگوعوام کو ہی فائدہ ہوگا اور ان کی ترقی میں مدد ملے گی۔ پی سدھاکر ریڈی نے بتایا کہ انہوں نے اے آئی سی سی سیشن میں ایک قرارداد پیش کرنے کیلئے اے آئی سی سی اُمور کے انچارج جناردھن ریڈی سے اجازت چاہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس سیشن میں قرارداد پیش کرتے ہوئے تلنگانہ ریاست کا مطالبہ قبول کرنے پر صدر کانگریس سونیا گاندھی اور دیگر مرکزی قیادت سے اظہار تشکر کرنا چاہتے ہیں۔ کانگریس رکن کونسل نے صدر تلگودیشم پارٹی این چندرا بابو نائیڈو پر علحدہ ریاست کے تعلق سے دوہرا معیار اختیار کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کی دو نظریاتی سیاست ناکام ہوچکی ہے۔