حیدرآباد ۔ 4 ؍ مئی ( این ایس ایس ) وائی ایس کانگریس پارٹی کی ترجمان واسی ریڈی پدما نے کانگریس سابق رکن پارلیمنٹ لگڑا پاٹی راجگوپال اور اداکار و جناسینا پارٹی کے صدر پون کلیان کو سیاسی جوکر قرار دیا ۔ پدما نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلگودیشم پارٹی کے چندرابابونائیڈو اپنی شکست سے خوفزدہ ہوگئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے سیما آندھرا میں انتخابات سے صرف دو دن قبل کاپو طبقے کو پسماندہ طبقات کی فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ لگڑا پاٹی بھی تلگودیشم میں شامل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ پدما نے الزام عائد کیا کہ چندرابابونائیدو دراصل وائی ایس جگن موہن ریڈی کی مقبولیت برداشت نہیں کر پا رہے ہیں اس لئے وہ وائی ایس کانگریس پارٹی کیخلاف نریندر مودی ‘ پون کلیان ‘ راج گوپال اور دوسروں سے مدد حاصل کر رہے ہیں ۔