نئی دہلی ۔ 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج ممبئی دہشت گرد حملہ کے کلیدی سازشی ذکی الرحمن لکھوی کی پاکستان کی جیل سے رہائی کو 26 نومبر کے ممبئی دہشت گرد حملہ میں مہلوکین کی توہین قرار دیا۔ مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے لکھنؤ میں ایک تقریب کے موقع پر علحدہ طور پر کہا تھا کہ ہندوستان پاکستان کے ساتھ بات چیت کرنا چاہتا ہے لیکن لکھوی کی رہائی بدبختانہ اور مایوس کن ہے۔ وزارت خارجہ نے بھی کل پاکستان کے ساتھ یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ اقوام متحدہ نے لکھوی کو دہشت گرد قرار دیا ہے اور اس کی رہائی تمام اقدار کی خلاف ورزی ہوگی۔ برسراقتدار بی جے پی نے آج پاکستان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ممبئی دہشت گرد حملوں کے کلیدی سازشی ذکی الرحمن لکھوی کی رہائی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی غیرسنجیدگی کا ثبوت ہے۔ اس تبدیلی سے واضح ہوگیا ہیکہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سنجیدہ نہیں ہے۔ لکھوی کی رہائی کے ذریعہ پاکستان نے ثابت کردیا ہیکہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سنجیدہ نہیں ہے۔ مرکزی وزیر نرملا سیتارامن نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہ کیا لکھوی کی رہائی حکومت ہند کیلئے ایک دھکا ہے، کہا کہ یہ حکومت کیلئے دھکہ سے کہیں زیادہ ہے۔ ان کے خیال میں پاکستان کا ارادہ واضح ہوچکا ہے کہ وہ دہشت گردی سے نمٹنے کے سلسلہ میں سنجیدہ نہیں ہے۔