لکھوی کی حراست پر مجسٹریٹ کی عدالت کو نوٹس

اسلام آباد ۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی ایک عدالت نے آج مرکزی اور ضلع مجسٹریٹس کو نوٹسیں روانہ کرتے ہوئے ان سے لشکرطیبہ کے کارکن کمانڈر ذکی الرحمن لکھوی کی حراست کے بارے میں جواب طلب کیا ہے۔ ذکی الرحمن لکھوی مبینہ طور پر 2008ء کے ممبئی حملوں کا کلیدی سازشی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں مقدمہ کی سماعت کے دوران لکھوی کے وکیل رضوان عباسی نے ادعا کیا تھا کہ یہ تیسری مرتبہ ہے جبکہ ان کے موکل کو حراست کے احکام دیئے گئے ہیں اور انہیں قیدخانہ میں رکھا گیا ہے۔ عدالت نے ضلع اور مرکزی مجسٹریٹ سے جواب طلب کرتے ہوئے مقدمہ کی سماعت 5 مارچ تک ملتوی کردی۔ روزنامہ ڈان نے اس کی اطلاع دی ہے۔