لکھوی کیخلاف پاکستان کی کارروائی کیلئے ہندوستانی کوشش ناکام

اقوام متحدہ ۔ 23 جون (سیاست ڈاٹ کام) چین نے ہندوستان کی اقوام متحدہ سے ممبئی دہشت گرد حملوں کے کلیدی سازشی لشکرطیبہ کے کمانڈر ذکی الرحمن لکھوی کے خلاف پاکستان کی کارروائی کے مطالبہ کی کوشش ناکام بنادی۔ عالمی ادارہ نے لکھوی کے خلاف کارروائی کے لئے کئی قراردادیں منظور کی تھیں لیکن پاکستان نے لکھوی کے خلاف ہندوستان کے متعدد مطالبات کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی تھی۔ اقوام متحدہ کی تحدیدات کمیٹی کا ایک اجلاس منعقد ہوا، جس کے موجودہ صدر جم میکلے کو ہندوستان کے مستقل سفیر برائے اقوام متحدہ نے لکھوی کے خلاف پاکستان کی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک مکتوب روانہ کیا تھا لیکن سلامتی کونسل کے مستقل رکن چین نے اس مطالبہ کے خلاف اپنا ویٹو استعمال کیا۔