لکھوی کو ضمانت کیسے ہوئی ؟

نئی دہلی۔ 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان امکان ہے کہ پاکستان سے یہ سوال کرے گا کہ ممبئی دہشت گرد حملوں کے ملزم ذکی الرحمن لکھوی کواقوام متحدہ قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آخر کس طرح ضمانت پر جیل سے رہا کیا گیا ۔ ذکی الرحمن لکھوی کی تنظیم لشکر طیبہ کو دہشت گرد گروپ قرار دیا گیا ہے ۔ حکومت ہند توقع ہے کہ اسلام آباد کو سفارتی نوٹ روانہ کرے گی اور یہ بھی جواب طلب کیا جائے گا کہ لکھوی نے فی کس ایک ملین روپئے مچلکہ پر ضمانت کی تکمیل کس طرح کی اور ان کی ضمانت کس نے دی ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ہندوستانی سکیورٹی اداروں کو شبہ ہے کہ آئی ایس آئی نے لکھوی کی رہائی کو یقینی بنانے کیلئے ضمانت کا انتظام کیا تھا ۔ ہندوستان نے پہلے ہی لکھوی کی رہائی کے معاملے میں اقوام متحدہ سے مداخلت کی خواہش کی ہے ۔ ہندوستان کا یہ موقف ہے کہ عالمی ادارے کے قواعد کی خلاف ورزی کی گئی ہے اور اقوام متحدہ کو یہ معاملہ پاکستان سے رجوع کرنا چاہئیے ۔