لکھوی کو رہا نہیں کیا گیا، ممبئی حملوں کا سرغنہ ہنوز زیر حراست

کولکتہ 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں متعین پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے توثیق کی کہ ممبئی حملوں کا اصل سازشی سرغنہ ذکی الرحمن لکھوی کو رہا نہیں کیا گیا ہے اور وہ ہنوز حراست میں ہے۔ اُنھوں نے یہ یقین بھی دلایا کہ ان کے ملک کی عدلیہ اُس (لکھوی) کے خلاف کارروائی کرے گی۔ مسٹر عبدالباسط نے آج یہاں ایک پروگرام کے موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ’’میں آپ سے کہنا چاہتا ہوں کہ مسٹر لکھوی کو رہا نہیں کیا گیا ہے وہ حراست میں ہے اور بدستور زیرحراست رہیں گے‘‘۔ چنانچہ اب یہ وہ پاکستان نہیں رہا جو 20 سال قبل تھا۔ پاکستان میں اب ایک مضبوط سیول سوسائٹی، ایک آزاد عدلیہ اور طاقتور میڈیا ہے‘‘۔

عبدالباسط نے کہاکہ ’’یہ ایک مقدمہ ہے جو زیرسماعت ہے۔ استغاثہ اب تمام دستیاب ثبوتوں اور گواہوں کے ساتھ پیشرفت کے لئے ممکنہ کوشش کررہے ہیں۔ میں فی الحال کسی نتیجہ پر پہونچنا نہیں چاہتا‘‘۔ اُنھوں نے ہندوستانی میڈیا سے درخواست کی کہ وہ اس مسئلہ پر کوئی ہوا نہ کھڑا کریں کیونکہ اس سے پڑوسی ملک میں جاری عدالتی عمل بالواسطہ طور پر متاثر ہوسکتا ہے۔ عبدالباسط نے کہاکہ ’’جیسے کہ میں کہہ چکا ہوں دہشت گردی ہمارے لئے ایک بڑا اور سنگین مسئلہ ہے۔ آپ کے پاس 26/11 کو یہ واقعہ پیش آیا لیکن پاکستان میں ایسے سانحے تقریباً روز مرہ کا معمول بن چکے ہیں۔ اس قسم کے واقعات روزانہ پیش آتے ہیں‘‘۔

پاکستانی سفارتی عہدیدار آج یہاں ایم سی سی چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے زیراہتمام ’’ہند ۔ پاک تجارتی و اقتصادی تعاون میں اضافہ کے زیرعنوان ایک خصوصی سیشن سے خطاب کررہے تھے۔ جموں و کشمیر کے ایک سرکردہ علیحدگی پسند لیڈر مسرت عالم کی رہائی کے بارے میں ایک سوال پر عبدالباسط نے جواب دیا کہ ’’میں اس پر کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتا کیونکہ اس مسئلہ پر خود آپ کے میڈیا کی رائے ایک دوسرے سے مختلف ہے۔ حریت لیڈر سید علی شاہ گیلانی کو 23 مارچ کو پاکستان مدعو کئے جانے پر عبدالباسط نے دعویٰ کیاکہ ہندوستانی دوستوں اور کشمیریوں کو اس موقع پر مدعو کرنے کی دیرینہ روایت رہی ہے اور میں درخواست کرتا ہوں کہ ایسی بات کو مسئلہ نہ بنائیں جو دراصل کوئی مسئلہ ہی نہیں ہے‘‘۔ پاکستانی ہائی کمشنر برائے ہند عبدالباسط نے آج اُمید ظاہر کی کہ آئندہ سارک چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لئے وزیراعظم نریندر مودی کا دورہ پاکستان انتہائی کامیاب رہے گا۔