مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی لکھنو میں 438 پراجکٹس کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب
لکھنو۔5 اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کی خدمات کو لکھنو کی ترقی میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم نے شہر میں ’’ وکاس کی گنگا ‘‘کا اقدام کیا تھا ۔ وہ دو روزہ دورہ پر یہاں آئے ہوئے تھے ۔ انہوں نے 438 پراجکٹس مالیتی 938کروڑ روپئے کا لکھنو اور اس کے مضافات میں سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی اس حقیقت سے انکار نہیں کرسکتا کہ لکھنو میں وکاس کی گنگا کا اقدام سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے کیا تھا اور اس کو سابق رکن پارلیمنٹ لال جی ٹنڈن نے شہید پتھ لکھنو میں آگے بڑھایا تھا ۔ جب واجپائی وزیراعظم تھے اور میں سرفیس ٹرانسپورٹ کا وزیر تھا تو واجپائی لوک سبھا میں لکھنو کی نمائندگی کرتے تھے ۔ انہوں نے کم از کم پانچ مرتبہ اس حلقہ کی نمائندگی کی تھی ۔ مرکزی وزیر داخلہ جو اس حلقہ کی رکن پارلیمنٹ ہیں کہا کہ 2014ء کے لوک سبھا انتخابات میں وہ کہہ چکے ہیں کہ وہ کوئی وعدہ نہیں کرنا چاہتے بلکہ لکھنو کے عوام کا آشیرواد چاہتے ہیں تاکہ خدا انہیں اتنی طاقت دے کہ لکھنو کے عوام کی ترقی کی امنگ کی تکمیل کرسکیں ۔ چیف منسٹر یو پی یوگی آدتیہ ناتھ کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کا دن لکھنو کیلئے ایک تاریخی دن ہے ۔ چیف منسٹر یو پی ریاست کی ترقی کا عہد کئے ہوئے ہیں ۔مجھے اعتماد کا احساس ہوتا ہے کہ کوئی بھی شخص یو پی کو ملک کی سرفہرست ریاست بننے سے روک نہیں سکتا ۔ وہ دن دور نہیں جبکہ لکھنو عالمی معیار کا شہر بن جائے گا ۔ 28جولائی کووزیراعظم نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھاکہ شہر میں انقلابی تبدیلی پیدا کرنے اور واجپائی کے درمیان ایک اٹوٹ رشتہ ہے ۔