لکھنو میں مولانا کلب جواد گرفتار

لکھنو ۔ 27 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : شیعہ عالم دین مولانا کلب جواد کو ان کے حامیوں کے ساتھ آج علاقہ قیصر باغ میں اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ حضرت گنج علاقہ میں شاہی مسجد کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کے لیے جارہے تھے ۔ قبل ازیں مولانا جواد نے یہ اعلان کیا تھا کہ شیعہ وقف جائیدادوں کے بیجا استعمال اور صدر نشین شیعہ وقف بورڈ وسیم رضوی کو ہٹا دینے کے مطالبہ پر علاقہ حضرت گنج میں احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا اور لکھنو کے قدیم شہر سے ایک جلوس کی شکل میں جارہے تھے کہ پولیس نے علاقہ حضرت گنج میں انہیں گرفتار کرلیا ۔ سینئیر پولیس آفیسر نے بتایا کہ مولانا جواد اور ان کے حامیوں بشمول خواتین کو امتناعی احکامات کی خلاف ورزی پر حراست میں لے لیا گیا ۔ پرانا شہر میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کے لیے سیکوریٹی کے وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے اور جلوس کی نگرانی کے لیے ڈرون کیمروں کا بھی استعمال کیا گیا تھا ۔ آج کا یہ احتجاج صدر نشین وسیم رضوی کے خلاف تھا جو کہ وزیر شہری ترقیات جناب محمد اعظم خاں کے قریبی رفیق ہیں ۔ مولانا جواد اور اعظم خاں کے درمیان کرپشن کے الزامات پر لفظی جنگ چل رہی ہے ۔