اندرون ایک ماہ دوسرا واقعہ ، مابعد تحقیقات کارروائی کا تیقن
لکھنو ۔ 2 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : علاقہ چنہت میں جوگوار کے مقام پر ایک سرکاری اسکول میں دوپہر کے کھانے سے فارغ ہونے کے بعد تقریبا 64 بچے علیل ہوگئے ۔ شبہ ہے کہ یہ بچے سمیت غذا سے متاثر ہوگئے ہیں ۔ ریاستی دارالحکومت لکھنو میں اندرون ایک ماہ مڈ ڈے میل کھانے کے بعد اس طرح کا واقعہ دوسری مرتبہ پیش آیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ طلباء نے دوپہر کے کھانے کے بعد بے چینی اور پیٹ میں درد کی شکایت کی جس کے ساتھ ایمبولنس طلب کر کے 64 بچوں کو رام منوہر لوہیا ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ۔ ڈاکٹروں نے صرف 3 طلباء کو شریک کرلیا باقیماندہ بچوں کو ضروری ادویات دینے کے بعد روانہ کردیا ۔ متاثرہ تمام بچوں کی حالت خطرہ سے باہر ہے کوئی تشویش کی بات نہیں ہے ۔ اطلاع ملتے ہی فوڈ سیکوریٹی ڈپارٹمنٹ سے مذکورہ اسکول اور ایک این جی او اکشے پترا جو کہ یہ کھانا سربراہ کرتی ہے غذا کے نمونے حاصل کرلیے ہیں ۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے بتایا کہ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے کیوں کہ حالیہ دنوں میں سمیت غذا سے متاثر ہونے کا یہ دوسرا واقعہ ہے جس کی تحقیقات کے بعد قصور واروں کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی ۔ قبل ازیں علاقہ اریہ نگر میں واقع گورنمنٹ پرائمری اسکول میں 29 جولائی کو مڈ ڈے میل اسکیم کے تحت سربراہ غذا کے استعمال سے 50 طلباء علیل ہوگئے تھے اور اس وقت بھی ضلع مجسٹریٹ نے اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا تھا ۔۔