لکھنو میں بی جے پی کارکنوں پر پولیس کا لاٹھی چارج

امن و قانون کی ابتر صورتحال کے خلاف احتجاج
لکھنو ۔ 24 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ودھان بھون کے گھیراؤ کی کوشش پر آج پولیس نے بی جے پی کارکنوں کے خلاف لاٹھی چارج کردیا ۔ جب کہ ریاست میں امن و قانون کی صورتحال پر ایوان میں بھی احتجاج کیا جارہا تھا ۔ بی جے پی کارکناں آج صبح پارٹی ہیڈکوارٹر پر اکھٹا ہوگئے اور ودھان بھون ( اسمبلی و کونسل کی عمارت ) کی سمت پیشقدمی کرنے لگے ۔ جہاں پر پولیس نے بیریگڈس نصب کردئیے تھے ۔ احتجاجی کارکن بشمول پارٹی کے ارکان اسمبلی اور پارلیمنٹ بیرگیڈس توڑ کر ودھان بھون کی سمت زبردستی جانے لگے تو پولیس نے پانی کی بوچھار اور طاقت کا استعمال کر کے انہیں منتشر کردیا ۔ بی جے پی کے ریاستی جنرل سکریٹری وجئے بہادر پاٹھک نے کہا کہ یہ احتجاج ، ریاست میں امن و قانون کی ابتر صورتحال کے خلاف تھا جب کہ حکومت نے خود کل یہ اعتراف کرلیا ہے اور تحریری بیان میں یہ انکشاف کیا ہے کہ گذشتہ 5 ماہ کے دوران ریاست میں عصمت ریزی کے 1012 کسیس اور خواتین کو ہراسانی کے 4,520 کسیس درج کئے گئے ہیں جب کہ اسی مدت کے دوران لوٹ مار کے 1,386 واقعات اور ڈکیتی کے 86 واقعات پیش آئے ہیں ۔ حکومت نے بی جے پی رکن اسمبلی متیش مہانے کے ایک سوال کے جواب میں یہ تفصیلات پیش کی تھی اور بتایا کہ جرائم پر قابو پانے کے لیے ہر ایک ضلع سطح پر کرائم برانچ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے اور پولیس کی موثر گشت کو یقینی بنایا جائے گا۔۔