لکھنو میں امیت شاہ کے خلاف سیاہ پرچم مظاہرہ

لکھنو ۔ 24 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے آج یہاں بی جے پی کے صدر امیت شاہ کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے سیاہ پرچم مظاہرہ کیا۔ یوتھ کانگریس کے لیڈر منوج تیواری کی قیادت میں ان کی پارٹی کے کارکنوں نے امیت شاہ کے خلاف اس وقت شہید پتھ پر نعرہ بازی اور سیاہ پرچم مظاہرہ کیا ، جب وہ وہاں سے بہرائچ روانہ ہو رہے تھے ۔ یوتھ کانگریس کارکنوں نے روہت ویمولا کیس اور جے این یو تنازعہ پر امیت شاہ کے رویہ اور تبصروں کو ناشائستہ اور افسوسناک قرار دیا ۔ انہوں نے ’’امیت شاہ واپس جاؤ‘‘ کے نعرے لگاتے ہوئے سیاہ پرچم لہرایا۔

 

گزشتہ 3 سال میں 39 ہزار ا قلیتی نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی
نئی دہلی ۔ 24 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت نے گزشتہ سال کے دوران سرکاری اسکیمات کے تحت 39,114 اقلیتی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے ہیں۔ مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج لوک سبھا میں ایک تحریری جواب میں بتایا کہ 40,210 نوجوانوں کو سیکھو اور کماؤ اسکیم کے تحت مہارت اور ہنر کی تربیت دی گئی اور سال 2013-14 ء اور 2014-15 ء کے درمیان 30,711 افراد کو روزگار فراہم کیا گیا۔ مولانا آزاد نیشنل اکیڈیمی فار اسکل خود روزگار اور  روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے تشکل دی گئی ہے تاکہ اقلیتوں کا میعار زندگی بہتر بنایا جاسکے۔ تاہم 8403 نوجوان ہی روزگار حاصل کرسکے۔