رائے بریلی (اترپردیش) 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حادثہ کے مقام سے ملبہ کی صفائی کے بعد لکھنو ۔ وارناسی سیکشن پر ٹرینوں کی آمد و رفت بحال ہوگئی ہے جبکہ بچراوان ریلوے اسٹیشن کے قریب کل دہرہ دون ۔ وارناسی جنتا اکسپریس پٹریوں سے اُتر گئی تھی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کل کے ٹرین حادثہ میں 38 مسافرین ہلاک اور 150 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ ایک ٹرین کو بچروان ریلوے اسٹیشن پر توقف کرنا تھا لیکن بریک فیل ہوجانے کے باعث آگے بڑھ گئی اور ایمرجنسی بریک لگانے سے ٹرین کا انجن اور 2 کوچیس پٹریوں سے اُتر گئے اور آپس میں ٹکرانے کے باعث ایک بوگی مکمل تباہ ہوگئی تھی۔ اس حادثہ کے بعد مذکورہ اسٹیشن پر کئی گھنٹوں تک ٹرین خدمات متاثر رہیں۔ خصوصی کرینس کے ذریعہ متاثرہ کوچیس کو ہٹادیا گیا جبکہ زخمیوں کو ہاسپٹل پہنچانے اور نعشوں کی شناخت کیلئے انڈو تبت بارڈر پولیس اور مقامی پولیس کا تعاون حاصل کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ زخمیوں کو بریلی اور لکھنو کے مختلف دواخانوں میں شریک کروایا گیا ہے۔ مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ اور مملکتی وزیر ریلوے منوج سنہا نے کل لکھنو کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی میں ٹروما سنٹر کا دورہ کرکے زخمیوں کی عیادت کی تھی۔