لکھنؤ نہیں ،بنگلورومیں ہی ہوگا ایرو انڈیا شو

نئی دہلی،8ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) وزارت دفاع نے ‘ایرو انڈیا’شو کے انعقاد کی جگہ بدلے جانے کے سلسلے میں جاری قیاس آرائیوں پر ہفتے کو کہا کہ ہربار کی طرح یہ شو کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں ہی ہوگا۔ وزارت دفاع نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ ایرو انڈیا 2019اگلے سال فروری میں 20 سے 24 فروری تک بنگلورو میں ہی ہوگا۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ مہینے سے اس طرح کی قیاس آرائیاں لگائی جارہی تھیں کہ اگلا ایرو انڈیا شو اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں ہوگا۔ریاست کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے علی گڑھ میں دفاعی ٹیکنولوجی گلیارے کے افتتاح کے موقع پر وزیردفاع نرملا سیتا رمن سے ایروانڈیا شو کو لکھنؤ میں منعقد کرنے کی درخواست کرکے ان خبروں کو ہوا دی تھی۔اس وقت وزیر دفاع کے اس پر وضاحت نہ کرنے سے بھی ان قیاست آرائیوں کو مضبوطی ملی تھی۔یوگی آدتیہ ناتھ نے یہ بھی کہاتھا کہ اترپردیش اس انعقاد کے لئے ضروری سہولیات یکجا کرنے پر زور دے گا۔محترمہ سیتارمن نے کچھ وقت پہلے اس ضمن میں سوال پوچھے جانے پر واضح جواب نہیں دیا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ ابھی ایروانڈیا کے انعقاد کے مقام کے بارے میں فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔کئی ریاستوں سے اس کے انعقاد کی تجاویز آتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انعقاد کے مقام کا فیصلہ طے ہوتے ہی اس کی اطلاع دے دی جائے گی۔ایروانڈیا کا انعقاد 1996میں شروع ہوا تھا اور اس کے بعد سے ہر دو سال میں اس کا انعقاد مسلسل بنگلورو میں ہی ہوتا رہا ہے ۔اس شو میں ہوابازی کے شعبہ کی سبھی اہم کمپنیاں حصہ لیتی ہیں۔

کانگریس کارکنوں کے دھرنے میں کرنی سینا کی ہنگامہ آرائی
ودیشہ، 8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے ضلع ودیشہ میں پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اور مہنگائی کے خلاف ضلع کانگریس کی طرف سے دیئے جا رہے دھرنے میں کرنی سیناکے مقامی کارکنوں نے جم کر ہنگامہ کیا۔پولیس فورس نے کرنی سینا کے کارکنوں کو بمشکل وہاں سے ہٹا یا۔ کرنی سینا کے کارکنوں نے درج فہرست ذات و قبائل ایکٹ کے خلاف کانگریس کے موقف پر تنقید کرتے ہوئے کرسیاں پھینکے اور نعرے بازی بھی کی۔مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے اعلان پر کل دیر شام ودیشہ میں کانگریس کارکن دھرنا دے رہے تھے ،تب ہی کرنی سیناکے کارکنوں نے ہنگامہ شروع کر دیا۔