لکھنؤ میں میٹرو ریل شروع

لکھنؤ، 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کے لئے آج کا دن بہت تاریخی ہے کیونکہ یہاں کے باشندوں کیلئے میٹرو ریل سروس شروع ہوگئی جس کا ایک عرصے سے انہیں انتظار تھا۔مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ۔ گورنر رام نائک اور وزیر اعلی یوگی ادتیہ ناتھ نے میٹرو ریل کے پہلے مرحلے میں ٹرانسپورٹ نگر سے چارباغ تک چلنے والی ٹرین کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔وزیر داخلہ ، گورنر اور وزیر اعلی نے اپنے کابینی رفقاء کے ساتھ میٹرو ریل کی سواری بھی کی ۔

نکسلیوں کا ریلوے پٹری کو نقصان ، ملازمین سے لوٹ مار
جگدلپور، 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چھتیس گڑھ کے بستر ڈویژن کے دانتواڑا ضلع میں نکسلیوں نے ریل کی پٹری اکھاڑدی اورانجن کو نقصان پہنچایا۔ اس کے بعد اس میں سوار ریلوے ملازمین کے ساتھ لوٹ مار کرکے فرار ہوگئے ۔ریلوے ذرائع کے مطابق ضلع کے کاملور اسٹیشن کے پاس کل رات مشتبہ ماؤ نواز نے ریل پٹری اکھاڑی دی جس کی وجہ سے کچھ دیر بعد ریل مرمت کے لئے پہنچنے والا انجن پٹری سے اتر گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس کے بعد ماؤ نواز فوراً وہاں پہنچ گئے اور انجن میں سوار ریلوے ملازمین کے واکی ٹاکی اور موبائل لوٹ کر فرار ہوگئے ۔ حادثہ میں ریلوے ملازمین کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔