ممبئی۔ 26 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ ہفتہ وارانسی اور بڑودہ کے درمیان لکژری ٹرین مہامنا ایکسپریس کے پائیدان اورنل تک چوری کرلیے گئے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اس ٹرین کو گزشتہ ہفتے ویڈیو لنک کے ذریعے شروع کیاہے ،اس سے قبل تیجاس ایکسپریس میں بھی اشیاء چوری ہوئی تھیں اور اب ایک بار پھر وارانسی۔بڑودہ مہامنا ایکسپریس میں بھی چوری کی خبر آئی ہے ۔واضح رہے کہ جب مہامنا ایکسپریس پہلا سفر مکمل کرکے وارانسی سے بڑودہ پہنچی تو ٹرین یارڈ میں ٹرین کو دیکھ کر حکام حیران ہوگئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ٹرین کے پہلے سفر کے بعد ہی کمپارٹمنٹ سے 3 نل، 4 شاور جیٹ اور کمپارٹمنٹ کے درمیان میں لگے 2پائیدان بھی چوری ہو چکے تھے ۔ اس کے علاوہ، نشستوں اور بیت الخلاء کی حالت بہت خراب تھی ۔ نشستوں پر اسکریچ اور کچھ آئینے تقریباً ٹوٹ گئے تھے ۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اس کے بارے میں کوئی معلومات موجود نہیں ہے ،یہ کس نے کیا ہے ، لیکن جنہوں نے بھی ایسا کیا ہے ، یقینی طور پر انہیں عوامی املاک کی کوئی قدر نہیں ہے ۔ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آراورویندرپربھاکر نے کہاکہ ہم مسافروں کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے لئے اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں، یہ بہت بدقسمتی ہے کہ کچھ لوگوں نے کوچس سے نل اور شاور جیٹ چوری کرلیے اور کمپارٹمنٹس کی حالت بھی خراب پائی گئی۔ریلوے اہلکار نے کہاکہ جنرل کوچ کی حالت بہت خراب تھی۔