لکڑہارا اور پرندہ

ایک دفعہ کا ذکر ہے ایک دن ایک بوڑھا رحم دل لکڑ ہارا جنگل کی طرف جارہا تھا کہ اسے راستے میں ایک زخمی پرندہ ملا۔ وہ اسے اُٹھاکر اپنے گھر لے آیا اور اس کی بہت اچھے طریقے سے دیکھ بھال کی اور وہ چند دنوں میں ٹھیک ہوگیا۔ ہر روز لکڑہارا اسے دانہ ڈال کر خود جنگل میں لکڑیاں کاٹنے چلا جاتا۔

ایک دن جب وہ واپس آیا تو پرندہ موجود نہیں تھا۔ لکڑہارے نے اسے پورے گھر میں تلاش کیا لیکن وہ نہ ملا۔ ایک دن وہ لکڑیاں کاٹ رہا تھا کہ وہی پرندہ اس کے کندھے پر آکر بیٹھ گیا اور لکڑ ہارا اسے دیکھ کر بہت خوش ہوا۔ جب بوڑھے لکڑہارے نے اسے سامنے کی طرف دیکھا تو اسے ایک پری نظر آئی۔ وہ پریشان ہوگیا پری نے کہا پریشان نہ ہو میں دلکش پری ہوں اور یہ پرندہ میرا تھا۔ میں اس کی وجہ سے پریشان تھی کہ یہ مجھے مل گیا اور اس نے تمام واقعہ مجھے کہہ سنایا کہ کس طرح سے تم نے اس کی مدد کی۔ میںتمہاری بہت مشکور ہوں۔ بتاؤ میںتمہاری کیا مدد کروں۔ کیونکہ تم مجھے ایک نیک دل اور رحمدل انسان نظر آتے ہو۔ بوڑھا لکڑ ہارا آنکھوں میں آنسو لئے شہزادی سے مخاطب ہوکر کہنے لگا میں اس کیلئے تو جی رہا ہوں۔ کیونکہ میرے بچے مجھے چھوڑ کر جاچکے ہیں اور میں اکیلا رہتاہوں۔ جس دن یہ مجھے ملا مجھے لگا کہ مجھے ایک بار پھر میری زندگی کا مقصد مل گیا ہے لیکن جس دن یہ مجھے چھوڑ کر گیا بس اسی دن سے میں اپنی زندگی کے دن پورے کررہا ہوں۔ اس وقت پری نے فیصلہ کیاکہ ہم دونوںتمہارے ساتھ رہیں گے اور تمہاری خدمت کریں گے اسی طرح وہ ہنسی خوشی رہنے لگے۔