ایک لاکھ 2 ہزار 388 امیدواروں میں سے صرف 6 ہزار 432 امیدوارکامیاب
حیدرآباد ۔ 27 جون (سیاست نیوز) متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم کے باوجود عثمانیہ یونیورسٹی کی جانب سے یو جی سی کی اجازت سے دونوں ریاستوں تلنگانہ و آندھراپردیش میں لکچررس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے ماہ فبروری میں ’’ریاستی اہلیتی ٹسٹ‘‘ (State Eligibility Test) کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا۔ جن کے نتائج کا آج اعلان کردیا گیا۔ آج یہاں سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر امور تعلیم ریاست تلنگانہ مسٹر کے سری ہری نے ریاستی اہلیتی ٹسٹ کے نتائج جاری کئے اور بتایا کہ ریاستی اہلیتی ٹسٹ کیلئے جاری کردہ اعلامیہ کی روشنی میں جملہ 1,35,947 امیدواروں نے اپنے نام ٹسٹ میں شرکت کیلئے درج کروائے تھے لیکن منعقدہ ریاستی اہلیتی ٹسٹ میں 1,02,388 لاکھ امیدواروں نے ہی شرکت کی جن کے منجملہ یو جی سی قواعد کے مطابق جملہ 27 مضامین میں صرف 6,432 امیدوار ہی اہل (کامیاب) قرار دیئے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اہل مرد امیدواروں کی تعداد 4399 اور خاتون امیدواروں کی تعداد 2,033 پائی جاتی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر سری ہری نے کہا کہ حکومت بہت جلد لکچررس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے سے متعلق اعلامیہ جاری کرے گی اور عاجلانہ طور پر تقررات کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔ مسٹر سری ہری نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں پائی جانے والی مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں کی مخلوعہ جائیدادوں پر بہت جلد نئے وائس چانسلروں کے تقررات کرنے حکومت عملی اقدامات کرے گی۔