لڑکے و لڑکیوں کے رشتوں کیلئے آج 54 ویں دوبدو پروگرام کا انعقاد

خواجہ منشن فنکشن ہال میںمختلف سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں صدارت کرینگے
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جنوری : ( دکن نیوز ) : روزنامہ سیاست اور میناریٹی ڈیولپمنٹ فورم نے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست کی اس تحریک کہ ’ شادی کو آسان بنایا جائے ‘ اور ’ شادی میں ایک کھانا اور ایک میٹھا ‘ کو ہی ترجیح دیں ۔ اس کی عمل آوری و اقدامات کے لیے دو بہ دو ملاقات پروگرام کے ذریعہ جہاں لڑکے و لڑکیوں کے رشتوں میں تعاون کیا جارہا ہے اس مقصد کو پائے تکمیل تک پہنچانے کے لیے شہر و اضلاع کے اہم مقامات پر یہ پروگرامس تیزی کے ساتھ منعقد کررہے ہیں ۔ جس میں الحمدﷲ کامیابی حاصل ہورہی ہے اور اب تک 53 پروگرامس پائے تکمیل کو پہنچ چکے ہیں جس کے ذریعہ کئی رشتے طئے پاچکے اور لڑکے و لڑکیاں سکون و اطمینان کے ساتھ زندگی بسر کررہے ہیں ۔ اسی کڑی کو جاری و ساری رکھنے کے لیے 54 واں دو بہ دو ملاقات پروگرام ہفتہ 23 جنوری 10-30 بجے دن تا 4 بجے شام خواجہ منشن فنکشن ہال ، مانصاحب ٹینک کے وسیع و عریض ہال میں منعقد ہوگا ۔ جس میں والدین کو شرکت کی عام اجازت رہے گی ۔ 54 ویں دو بہ دو ملاقات پروگرام کی صدارت جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست و سرپرست اعلی ایم ڈی ایف کریں گے ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے نواب ارشد علی خاں ٹی آر ایس لیڈر شرکت کریں گے ۔ عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف فورم کا تعارف اور خیر مقدم کریں گے ۔ حسب سابق کی طرح اس پروگرام میں بھی انجینئرنگ ، گریجویشن ، پوسٹ گریجویشن ، میڈیسن اور ایم بی اے ، ایم سی اے ، بی کام ، ایم کام ، بی اے اور دیگر فنی کورس کے لڑکے و لڑکیوں کے رشتوں کے کاونٹرس رہیں گے ۔ ان کاونٹرس کے علاوہ دینی مزاج کے لڑکے و لڑکیاں جنہوں نے حفظ ، عالم و فاضل اور پکوان و دیگر ہنر حاصل کیا ہو ان رشتوں کو بھی رکھا جائے گا ۔ والدین اپنے بائیو ڈاٹاس کی مدد سے ایک دوسرے سے باہمی گفتگو کرنے فنکشن ہال میں گوشہ فراہم کیا جائے گا ۔ اس سے قبل خواجہ منشن فنکشن ہال میں دو بہ دو ملاقات پروگرام رکھا گیا جو کامیابی سے ہمکنار ہوا جس میں دونوں شہروں اور مضافاتی علاقوں سے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی اور وہ اپنے من پسند کے رشتے تلاش کیے ۔ اور انکے لڑکے و لڑکیاں رشتہ ازدواج سے منسلک ہو کر زندگی بسر کررہے ہیں ۔ جناب زاہد فاروقی کی نگرانی میں اس دو بہ دو ملاقات پروگرام میں کمپیوٹر سیکشن رہے گا جس میں کمپیوٹر پر بائیو ڈاٹاس اور فوٹوز ملاحظہ کرسکیں گے ۔ حسب سابق ایک اوپن سیکشن بھی ہوگا جس میں صرف لڑکوں کے بائیو ڈاٹا کی تفصیلات سنائی جائیں گی ۔ اور اسی وقت والدین ملاقات کرسکتے ہیں ۔ اس پروگرام میں خصوصی کاونٹر آن لائن رجسٹریشن کا ہوگا ۔ بار بار والدین کی توجہ کو مبذول کروایا جاتا رہا ہے کہ جب بھی دو بہ دو پروگرام میں آئیں بائیو ڈاٹاس کی کاپیز اور دو سے زائد فوٹوز ضرور رکھیں ۔ اس کے باوجود والدین اس سلسلہ میں غفلت برت رہے ہیں اس لیے اس بار ضرور فوٹوز اور بائیو ڈاٹاس رکھیں ۔ فورم کے اراکین ڈاکٹر ایوب حیدری ، ایم اے قدیر ، سید الیاس باشاہ ، سید انور الدین ، شاہد حسین ، محمد نصر اللہ خاں ، احمد صدیقی مکیش ، سید ناظم الدین ، ڈاکٹر دردانہ ، ایم اے واحد ، خدیجہ سلطانہ ، صالح بن عبداللہ باحاذق ، اے اے کے امین ، محمد احمد ، عابدہ بیگم ، افسر سعید ، فہیم النساء ، حامد علی صدیقی ، رفیعہ سلطانہ ثانیہ ، عبدالصمد خاں اور دیگر نے والدین سے خواہش کی کہ وہ بہ پابندی وقت شرکت کریں۔ مزید تفصیلات ایم اے قدیر نائب صدر فورم 9394801526 سے حاصل کی جاسکتی ہے ۔