مراد آباد ۔ 10 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو نے آج عصمت ریزی کے بارے میں یہ ریمارک کرتے ہوئے ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا کہ کیا عصمت ریزی کے مقدمات میں پھانسی کی سزا دی جانی چاہئے ؟ انہوں نے ممبئی میں اجتماعی عصمت ریزی کے دو مقدمات میں تین مجرمین کو سنائی گئی سزا کے بارے میں بھی سوال اٹھایا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ لڑکے ہیں اور اکثر غلطی کرتے ہیں۔ ملائم سنگھ یادو نے انتخابی مہم کے دوران ریالی سے خطاب کرتے ہوئے
کہا کہ ان کی پارٹی انتخابی منشور میں انتہائی سخت عصمت ریزی روک تھام قوانین کے بے جا استعمال پر پابندی کو یقینی بنائے گی۔ واضح رہے کہ دہلی میں ڈسمبر 2012 کے دوران ایک چلتی بس میں نوجوان لڑکی کی اجتماعی عصمت ریزی اور پھر اس کی موت کے بعد انتہائی سخت قوانین متعارف کئے گئے ہیں۔ ممبئی میں شکتی ملز اجتماعی عصمت ریزی مقدمات میں مجرمین کو انہی قوانین کے تحت سزائے موت سنائی گئی ہے۔ شکتی ملز میں فوٹو جرنلسٹ اور ٹیلی فون آپریٹرس کی عصمت ریزی کی گئی تھی ۔ ملائم سنگھ یادو نے کہا کہ ’’لڑکے اور لڑکیاں ملاقات کرتے ہیں… اس کے بعد ان میں اختلافات پیدا ہوجاتے ہیں اور لڑکی پولیس اسٹیشن پہنچ کر یہ شکایت درج کراتی ہے کہ اس کی عصمت ریزی کی گئی۔ پھر انہیں نشانہ بنایا جاتا ہے اور سزائے موت سنائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کیا عصمت ریزی کے مقدمات میں پھانسی کی سزا دی جانی چاہئے ؟ یہ لڑکے ہیں اور اکثر غلطی کرتے ہیں۔ ممبئی میں دو یا تین لڑکوں کو سزائے موت سنائی گئی ہے ، ہم ایسے قوانین کو بدلنے کی کوشش کریں گے۔ ہم اس بات کو بھی یقینی بنائیں گے کہ جھوٹے مقدمات درج کرانے والوں کو سزا ملے‘‘۔ ملائم سنگھ یادو نے مرادآباد میں انتخابی مہم کے دوران یہ بات کہی۔ الیکشن کمیشن اور نیشنل کمیشن فار ویمن نے ملائم سنگھ یادو کے خلاف شکایت درج کی ہے۔
انہوں نے یہ تبصرہ ایسے وقت کیا جبکہ خواتین کے خلاف جرائم کی شرح مسلسل بڑھ رہی ہے اور ان پر مظالم اور استحصال کے واقعات روکنے کیلئے انتہائی سخت عصمت ریزی روک تھام قانون متعارف کیا گیا ہے۔ جس وقت یہ قوانین پارلیمنٹ میں متعارف کئے گئے، سماج وادی پارٹی نے بعض شقوں کی مخالفت کی ہے اور کہا تھا کہ اگر کسی لڑکی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ یا اسے گھورنے کو فوجداری جرم قرار دیا جائے تو اس کا بیجا استعمال ہوگا اور مردوں کے خلاف فرضی مقدمات درج کئے جائیں گے۔سماج وادی پارٹی کے انتخابی منشور میں کہا گیا ہے کہ جہیز کے خلاف قوانین ، ایس سی ، ایس ٹی (مظالم کی روک تھام) قانون اور نئے مخالف عصمت ریزقانون کا بڑے پیمانہ پر بیجا استعمال ہورہا ہے۔ سماج وادی پارٹی ان پر سختی سے عمل آوری کے حق میں ہے لیکن ان کا بیجا استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی بھی ضروری سمجھتی ہے۔