لڑکیوں کی شادی میں تاخیر کی وجہ لوجہاد

مدھیہ پردیش میںبی جے پی رکن اسمبلی کا متنازعہ بیان
بھوپال۔6 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش کے آکرمالوا سے بی جے پی کے رکن اسمبلی گوپال پرمار نے متنازعہ بیان دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جب سے 18سال کا قانون بنایا ہے تبھی سے لڑکیاں بھاگ کر شادی کرنے لگی ہیں اور اس لئے لوجہاد شروع ہوگیا ہے ۔ گوپال پرمار نے کہا کہ پہلے سماج میں جو بھی شادی ہوتی تھی ‘ ہمارے بڑے بزرگ ہی رشتہ جوڑتے تھے ‘ خواہ وہ بچپن میں ہی جوڑ لیتے تھے ‘ وہ رشتہ زیادہ دیرتک قائم رہتا تھا اور زیادہ مضبوط بھی تھا لیکن جب سے 18سال کا مرض حکومت نے پھیلایا ہے ‘ تب سے کافی ساری لڑکیاں بھاگنے لگ گئی ہیں۔ اسی وجہ سے لُو جہاد کا بخار پھیلنے لگا ہے ‘ ہم گھر میں توجہ ہی نہیں دے رہے ہیں کہ ہماری لڑکیاں کیا کررہی ہیں ‘ ہمیں کہہ کر جارہی ہیں کہ پڑھنے کیلئے کوچنگ کلاس جاری ہوں لیکن وہ کسی بھی لڑکے ساتھ بھاگ جاتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں سب ماؤں اور بہنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ یہ جو لوجہادکا بخار آیا ہے اس کے تئیں محتاط رہنے کا کام ہم سب کا ہے ۔ خیال رہے کہ اگرہ اسمبلی حلقہ سے رکن اسمبلی گوپال پرمار پہلے بھی اپنے بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں رہ چکے ہیں ۔ اپنی بدزبانی اور دلت آندولن کے دوران جبراً دوکانیں بند کرانے کا معاملہ ہو یا ممبر پارلیمنٹ کے ساتھ گالی گلوج کا رکن اسمبلی پرمار اپنی بدزبانی کی وجہ سے سرخیوں میں رہے ہیں ۔