جکارتہ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک انڈونیشیائی لڑاکا طیارہ میں ٹیک آف سے تھوڑی دیر قبل آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد چوکس پائلیٹ نے فوری طور پر کاک پٹ سے چھلانگ لگادی کیونکہ آف اور کثیف دھویں نے اُس حصہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ پائلیٹ کو معمولی زخم آئے جس کا ہاسپٹل میں علاج کیا جارہا ہے۔ F-16 لڑاکا طیارہ جکارتہ کے ایک ایربیس سے اڑان بھرنے ہی والا تھا کہ یہ واقعہ پیش آیا۔ دریں اثناء ایر فورس چیف آف اسٹاف آگس سیریتنا نے میٹرو ٹی وی نیوز چیانل کو بتایا کہ طیارہ کے انجن میں ٹیک آف سے کچھ لمحہ قبل آگ لگ گئی جس کے بعد پائلیٹ نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے طیارہ چھوڑ دینے میں ہی عافیت سمجھی۔ پائلیٹ کی حالت اطمینان بخش بتائی گئی ہے۔ فی الحال اس واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔